وقت اور موت کبھی مکالمہ نہیں کرتے۔" رشید امجد

edit

آہ ! استاد محترم پروفیسر ڈاکٹر رشید امجد صاحب رحلت فرما گئے ۔ ایک ناقابل تلافی نقصان ۔۔۔۔۔ اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے ۔آمین یا رب العالمین۔۳ مارچ ۲۰۲۱ء از طاہر طیب تعارف: پروفیسر ڈاکٹر رشید امجد کا اصل نام اختر رشید ہے۔ لیکن ادبی دنیا میں وہ رشید امجد کے نام سے مشہور ہیں ۔ وہ ۵ مارچ۱۹۴۰ ء کو سری نگر (کشمیر)کے محلہ نواب میں پیدا ہوئے ۔ ۳ مارچ کو ان کی رحلت ہوئی اور ۵ مارچ کو ان کی تدفین ہوئی۔ دیکھا جائے تو ۵ مارچ ان کی پید ائش کا دن اور ۵ مارچ ہی ان کی اس دنیا سے رخصت کا دن بھی ہے۔ رشید امجد ۱۹۴۷ء میں والدین کے ساتھ راولپنڈی آ گئے اور آخری عمر تک ادھر ہی میں مقیم ہیں۔ تین بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں۔والد کا نام محی الدین اور والدہ کا نام خورشید بیگم ہے۔والد قالینوں کا کام کرتے تھے۔رشید امجد کے والد پنجابی،فارسی اور کشمیری میں شعر کہتے تھے ۔لیکن ان کا صرف پنجابی کلام محفوظ ہو سکا ہے۔رشید امجد کی پہلی کہانی ۱۹۶۰ء میں ”ادبِ لطیف “ میں چھپی۔ ان کا پہلا علامتی افسانہ ”سنگم“ہے۔ دورانِ تعلیم ہی مالی مجبوریوں کے باعث ان کو ملازمت کرنا پڑی۔ ایم ۔اے اردو کرنے کے بعد یکم نومبر۱۹۶۸ءکو سی بی کالج واہ کینٹ میں لیکچرار اردو مقرر ہوئے۔اسی سال ایف جی سر سید کالج راولپنڈی کینٹ میں تعینات ہوئے پھر یہیں سے پروفیسر وصدرِشعبہ اردو کی حیثیت سے ۲۰۰۰ء میں ریٹارئر ہوئے۔جو لائی ۲۰۰۱ء میں نیشنل یونی ورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد سے صد رشعبہ اردو وابستہ ہوئے۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آبادبطور ڈین فیکلٹی آف لینگویج اینڈ لٹریچر بھی رہے۔ انہوں نے میراجی: شخصیت اور فن کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی۔ ایک طویل عرصے تک تدریس کے شعبے سے وابستہ رہے۔ تصانیف میں نیا ادب، رویے اور شناختیں، و دریافت، شاعری کی سیاسی وفکری روایت، اقبال فکر و فن، میرزا ادیب: شخصیت و فن، بیزار آدم کے بیٹے، ریت پر گرفت، سہ پہر کی خزاں، پت جھڑ میں خود کلامی، بھاگے ہے بیاباں مجھ سے، کاغذ کی فصیل، عکس بے خیال، دشت خواب، گمشدہ آواز کی دستک، ست رنگے پرندے کے تعاقب میں اور خودنوشت سوانح عمری تمنا بے تاب کے نام قابل ذکر ہیں۔ افسانوں کی کلیات دشت نظر سے آگے اور عام آدمی کے خواب کے نام سے اشاعت پذیر ہوچکی ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیں ۱۴ اگست ۲۰۰۶ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا ۔رشید امجد کی زندگی جسدِمسلسل کی کہانی ہے۔انہوں نے ادب کے میدان میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کی ۔ان کی خدمات کے پیش نظر ان کو مختلف ایوارڈ ز سے نوازا گیا جس کی تفصیل حسبِ ذیل ہے:۔ ایوارڈز: الف: پرائڈ آف پرفامنس۲۰۰۶ء حکومتِ پاکستان ب: بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ ایچ ای سی حکومتِ پاکستان ج: میاں محمد بخش ایوارڈ۲۰۰۴ء میاں محمد بخش اکیڈمی پاکستان د: ایوارڈ آف ایکسیلینس۲۰۰۲ء رائٹر اینڈ ایجوکیشن کلب پاکستان ہ: نقوش ایوارڈ ۹۵۔۱۹۹۴ء ادارہ نقوش ان اعزازت کے علاوہ ان کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں پاکستان اور بھارت کی یونیورسٹیوں میں ان پرکئی مقالات اور آرٹیکلز لکھے جا چکے ہیں اور لکھے جا رہے ہیں ۔ان کے 15 سے زائد افسانوی مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔افسانوں کے علاوہ تنقید و تحقیق میں بھی انہوں نے بہت کام کیا ہے۔ان کی ترتیب و تالیف میں ایک بڑا کام پاکستانی ادب (چھ جلدیں) کا شائع کرنا ہے۔ تصانیف:۔ • رشید امجد،تمنا بیتاب ، حرف اکیڈمی ، راولپنڈی ، 2001–2003 • رشید امجد،کاغذ کی فصیل ، داستاویز پبلشرز ، لاہور ، 1993 • رشید امجد،بیزار آدَم کے بیٹے ، داستاویز پبلشرز ، راولپنڈی ، 1974 • رشید امجد،ریت پر گرفت ، ندیم پبلشرز ، راولپنڈی ، 1978 • رشید امجد،سہ پہر کی خزاں ، داستاویز پبلشرز ، راولپنڈی ، 1980 • رشید امجد،پت جھڑ میں خودکلامی ، اثبات پبلشرز ، راولپنڈی ، 1984 • رشید امجد،بھاگے ہے بیابان مجھ سے ، مقبول اکیڈمی ، لاہور ، 1988 • رشید امجد،دشت نظر سے آگے ، مقبول اکیڈمی ، لاہور ، 1991 • رشید امجد،عکس بے خیال ، داستاویز پبلشرز ، لاہور ، 1993 • رشید امجد،دشت خواب ، مقبول اکیڈمی ، لاہور ، 1993 • رشید امجد،گم شدہ آواز کی دستک ، فروز سنز ، لاہور ، 1996 • رشید امجد،ست رنگے پرندے کے تعاقب میں ، حرف اکیڈمی ، راولپنڈی ، 2002 • رشید امجد،ایک عام آدمی کا خواب ، حرف اکیڈمی ، راولپنڈی ، 2006 • رشید امجد،عام آدمی کے خواب ، پورب اکیڈمی ، اسلام آباد ، 2007 ریسرچ ، اینڈ ایڈیٹنگ • رشید امجد،نیا ادب ، تعمیر ملت پبلشرز ، مندی بہاؤالدین ، 1969 • رشید امجد،رویے اور شناختیں ، مقبول اکیڈمی ، لاہور ، 1988 • رشید امجد،یافت دریافت ، مقبول اکیڈمی ، لاہور ، 1989 • رشید امجد،شاعری کی سیاسی فکری روایت ، داستاویز پبلشرز ، لاہور ، 1993 • رشید امجد،میراجی – شخصیت اور فن ، مغربی پاکستان اکیڈمی ، 1995 • رشید امجد،پاکستانی ادب کے معمار ( میرا جی ) ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد ، 2006 • رشید امجد،پاکستانی ادب ( 6 جلدیں) ، ایف . جی . سر سید کالج ، راولپنڈی ، 1980–1984 • رشید امجد،اقبال فکر فین ، ندیم پوبلیکاشنس ، راولپنڈی ، 1984 • رشید امجد،تعلیم کی نظریاتی اَساس ، ندیم پوبلیکاشنس ، راولپنڈی ، 1984 • رشید امجد،مرزا اَدِیْب – شخصیت فین ، مقبول اکیڈمی ، لاہور ، 1991 • رشید امجد،پاکستانی ادب ( حصہ نثر 1990 ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد ، 1991 • رشید امجد،پاکستانی ادب ( حصہ نثر 1991 ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد ، 1992 • رشید امجد،پاکستانی ادب ( 1994 ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد ، 1995 • رشید امجد،مزاحمتی ادب اُردو ( 1977–1985 ) ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد • رشید امجد،مزاحمتی ادب اُردو ( 1998–2008 ) ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد ، 2009ء • رشید امجد،پاکستانی ادب ( افسانہ ) ، ( 1947–2008 ) ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد ، 2009ء • رشید امجد،پاکستانی ادب ( شاعری ) ، ( 1947–2008 ) ، پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز ، اسلام آباد ، 2009ء • رشید امجد،پاکستانی ادب ( روائے اور روجحانات ) پوراب اکیڈمی ، اسلام آباد ، 2009ء • رشید امجد،عاشقی صبر طلب ( آٹوبائیگرافی ) 2015 رشید امجد تقریبا ًچھ دہائیوں سے مسلسل افسانے لکھ رہے ہیں۔وہ اپنے دور کے ناقد بھی ہیں اور ناظربھی ، انہوں نے اپنے عہد کی سفاکی ، جبری کیفیات، خوف وکرب اور بے حسی کی مختلف صورتوں کو قریب سے دیکھا ۔ انسانی جذبات و احساسات کو جو ٹھیس اس معاشرے کی بے حسی کی وجہ سےپہنچی ہے، اس کو انہوں نے اپنی گرفت میں لےکر کہانی کی صورت میں پیش کیا ۔ ان کے افسانے عصر حاضر کے سیاق و سباق سے ابھرتے ہیں۔رشید امجدنے عام انسان کے جذبات و احساسات حالات و واقعات اور معاملات زندگی کو ایک وسیع کینوس میں دیکھنے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے انسانی تضاد کے احساس کو نئی وحدت کے طور پر برتا،اس کی بہترین مثال ان کا افسانہ” بگل والا “ ہے۔ جہاں انسان کی عزت اس کے عہدے اور مرتبے کو دیکھ کی جاتی ہے۔ان کے افسانے معاشرتی، سیاسی ، اخلاقی ناہمواریاں کے زوال کی داستان ہیں ۔ جن میں کہیں فرد کے ذاتی کرب اور پریشان کا احساس نمایاں ہے ۔فرد کا تعلق اجتماعی زندگی سے رہتا ہےاوروہ معا شرے کے اثرات سے براہ راست متا ثر ہوتاہے۔ ان کے کردار اسی معاشرے کے حقیقی باسی ہیں۔رشید امجد کے افسانوں کے کردار اپنی ذات کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیتے ہیں۔ یہ کردار عدم تحفظ کا شکار ہیں۔جو اپنے ہونے نہ ہونے کی کیفیت میں مبتلا ہو کر مزاحمت کرتےدکھائی دیتے ہیں۔ رشید امجد کے افسانوں کا بنیادی موضو ع جستجوہے ۔، وہ اپنے عصری حوالوں سے مختلف سوال کرتے ہیں۔ جبراور منافقت کے اس دور میں اپنے تشخص کی جستجو کرتے ہیں ۔ سیاسی جبرو تشدد کے ذریعے لوگ معاشرے میں اپنی شناخت گم کر بیٹھےہیں۔ یہ لوگ معاشرے میں آزادی کے خواہش مند ، اپنی شناخت کے طلبگار اور عدم تحفط کا شکار ہیں۔ البتہ ان کے اندر جینے کی آرزو موجود ہے۔انہوں نے اپنے دور کے سماجی اور ذہنی انتشار کو افسانہ میں جگہ دی۔یہ تما م چیزیں موجودہ عہد کی معاشی ، سیاسی اور معاشرتی جبر کی علامتیں ہیں۔رشید امجد کے اسلوب کی سب سے خاص بات ان کا بیانیہ انداز ہے۔ان کے افسانوں میں مصنوعات ٹھوس ہیں اور زندگی کے اصل حقائق کو پیش کیا گیا ہے۔ان کے افسانوں میں ہمیں حقیقی زندگی کی تصویریں ملتی ہیں۔جہاں ان کے مو ضوعات میں ہمیں جدت نظر آتی ہے وہیں ایک فکری لہر بھی نمایاں ہے۔ان کے اسلوب میں روانی اور وضاحت کا تاثر بھی ملتا ہے۔ان کے افسانوں میں اپنے عہد کے منفی رویوں پرطنز کی گہری چوٹ بھی نظر آتی ہے۔ان کے افسانوں میں صورتِ حال مجسم کی بجائے مجرد نظر آتی ہے۔ان کے مزاج میں مزاحمت اور ردِعمل ظاہر کرنے والا رجحان ہے۔پابندیوں کو ان کا ذہن قبول نہیں کرتا ۔رشید امجد اپنے افسانہ لکھنے کے حوالے سے کہتے ہیں: ”میں اس لیے لکھتا ہوں کہ اپنا اظہار چاہتا ہوں۔ اپنے عہد اور اس کے آشوب کو لفظوں میں زندہ چاہتا ہوں۔ ایک آدرش کی تکمیل چاہتا ہوں کہ کبھی تو وہ غیر طبقاتی آئیڈیل معاشرہ وجودمیں آئے گاجہاں میں اور مجھ جیسے سب سر اٹھا کر چل سکیں گے۔“ "لکھنا بھی ایک اظہار ہے۔ اور اس اظہار کی توثیق اسی کو حاصل ہوتی ہے جو حقیقت کوپہچان لیتا ہے مجھے لکھنے کا دعوی نہیں ۔ اپنے تئیں میں لکھنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ میں حقیقت کو اُس کی تہہ تک پہنچ کر پہچاننا چاہتا ہوں۔ “ ”میں نے کرداروں کو باہر تلاش کرنے کی بجائے اپنے اندر دھونڈنا شروع کر دیاکہ مجھ پر منکشف ہوا ہے کہ میرے اندر جو جہان ہے وہ باہر کی دنیا سے کہیں بڑپر اسرار اور عظیم ہے۔“ " لکھنے کے لیے ایک اضطراب اور بےچینی بہت ضروری ہے۔۔۔۔لکھنے والا مطمئن ہو جائے تو صورت حا ل کا غلا م بن جاتا ہے۔۔۔۔ہرلکھنے والے کو انتخاب کرنا پڑتا ہےکہ وہ کہاں کھڑا ہونا چاہتا ہے۔“ ان کے افسانوں سے چند آفاقی نوعیت کی مثالیں ملا حظہ کریں ۔ "جب ظلم سہنے میں لذت آنے لگے تو کوئی کسی کے لیے کچھ نہیں کر سکتا۔" (عام آدمی کا خواب۔2 ) "ہاں میں جانتا ہوں اور مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ جنہوں نے اپنی آوازیں بیچ ڈالی ہیں وہ بند کمروں میں چیختے ہیں۔ (ہا بیل اور قابیل کے درمیان ایک طویل مکالمہ) یہ بھی عجیب بات ہے۔ اس نے سوچا ’’زمین پر تھا تو اُڑنے کی خواہش بے چین رکھتی تھی، اُڑا ہوں تو زمین کھینچ لیتی ہے۔۔۔جب کسی کی تعریف کرتے جھجک نہ آئے اور مخالفت کرتے دیر تک ملال رہے تو سمجھ تم زندہ ہو، کیونکہ ذات صفات کے پردے ہی میں اپنا اظہار کرتی ہے۔ " (شبِ مراقبہ کے اعترافات کی کہانیاں) اپنے ہونے کا احساس نہ رہا تو پھر جاننا اور نہ جاننا بے معنی ہے۔ (شبِ مراقبہ کے اعترافات کی کہانیاں) وقت اور موت کبھی مکالمہ نہیں کرتے۔" (لاشئیت کا آشوب ) رشید امجد کے افسانوں کا بنیادی موضوع جستجوہے ۔، وہ اپنے عصری حوالوں سے مختلف سوال کرتے ہیں۔ جبراور منافقت کے اس دور میں اپنے تشخص کی جستجو کرتے ہیں ۔ سیاسی جبرو تشدد کے ذریعے لوگ معاشرے میں اپنی شناخت گم کر بیٹھےہیں۔ یہ لوگ معاشرے میںآزادی کے خواہش مند ، اپنی شناخت کے طلبگار اور عدم تحفط کا شکار ہیں۔ البتہ ان کے اندر جینے کی آرزو موجود ہے۔انہوں نے اپنے دور کے سماجی اور ذہنی انتشار کو افسانہ میں جگہ دی۔رشید امجدکے افسانوں میں ہر واقعہ ، ہر جذبے، ہر کیفیت کا ذائقہ نظر آتا ہے ۔ وہ انہیں تمام انسانی حسی پر توں میں محسوس کرتے ہوئے ٹھوس حوالوں سے بیان کرتے ہیں ۔ جہاں تک ڈاکٹر رشید امجد کی افسانہ نگاری کی بات کی جائے تووہ بیسویں اور اکیسویں صدی کے اہم افسانہ نگار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی سوچ اور مشاہدے میں بہت گہرائی ہے۔ انہوں نے اپنے افسانوں میں سماجی اور عصری صورتحال کو سامنے لانے کوشش کی۔انہوں نے افسانے کو ایک نیا رنگ اور آہنگ عطا کیا ہے۔بلاشبہ جدید اردو افسانے کی تاریخ ان کے نام کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔